لائیکا
لائیکا (روسی: Лайка، انگریزی: Laika) ایک سوویت خلائی کتیا تھی جو زمین کے مدار میں داخل ہونے والا پہلی جاندار تھی۔ کتیا کا اصلی نام کدریافکا (Kudryavka) تھا لیکن اسے لائیکا کا نام دینے کے بعد دو دوسرے کتوں کے ساتھ تربیتی مراحل سے گزارا گیا جن میں سے خلائی سفر کے لیے لائیکا کا انتخاب ہوا۔ لائیکا سوویت خلائی جہاز اسپتنک 2 کے ذریعے 3 نومبر 1957ء کو خلاء کی جانب روانہ ہوئی۔ یہ جہاز واپسی کے لیے نہيں بنایا گیا تھا اس لیے اس مہم میں لائیکا کی موت لازمی تھی۔
لائیکا سفر کے آغاز کے چند گھنٹوں بعد شدید دباؤ اور زیادہ درجہ حرارت کے باعث مر گئی تھی، جس کی وجہ درجہ حرارت کو سنبھالنے والے نظام میں ممکنہ خرابی تھی۔ اس کی ہلاکت کے اصل اسباب کبھی بھی ظاہر نہیں کیے گئے البتہ اس کی موت کے اسباب کے بارے میں آج تک افواہیں گردش کرتی رہتی ہیں۔
حالانکہ لائیکا اس سفر میں اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھی لیکن اس تجربے نے ثابت کیا کہ انسان بھی زمین کے مدار کے لیے راکٹ کا سفر کر سکتا ہے اور کشش ثقل نہ ہونے کے باوجود زندہ رہ سکتا ہے۔ اس نے انسان بردار خلائی سفر کی راہ ہموار کی اور سائنسدانوں کو وہ بنیادی معلومات فراہم ہوئیں جس کی بنیاد پر معلوم ہوا کہ خلائی ماحول میں زندہ اجسام کس طرح رد عمل دکھاتے ہیں۔
اس سفر کے نتیجے میں لائیکا دنیا کے مشہور ترین کتوں میں شمار ہوئی۔
بیرونی روابط
[ترمیم]ویکی اقتباس میں لائیکا سے متعلق اقتباسات موجود ہیں۔ |
ویکی ذخائر پر لائیکا سے متعلق سمعی و بصری مواد ملاحظہ کریں۔ |