مندرجات کا رخ کریں

نماز مغرب

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

نماز مغرب کو دن کا وتر کہا جاتا ہے، نماز مغرب کا آغاز سورج کے غروب ہوتے ہی شروع ہو جاتا ہے اور شفق کے غائب ہونے تک باقی رہتا ہے ۔

حدیث نبوی

[ترمیم]
عن عبد اللہ بن عمر قال قال النبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم وقت صلا ۃ المغرب اذا غابت الشمس مالم یغب الشفق ۔[1]

ترجمہ: سیدنا عبداللہ بن عمر رَضی اللہُ تعالیٰ عنہُ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا: مغرب کی نماز کا وقت سورج کے غروب ہونے سے لے کر اس وقت تک ہے جب تک شفق کی سرخی غائب نہ ہو جائے ۔

شفق کی تعریف

[ترمیم]

شفق کی تعریف میں علما کے درمیان اختلاف پایا جاتا ہے، فقہا حنفیہ نے شفق سے مراد وہ سفیدی لی ہے جو مغرب کی طرف سرخی کے غائب ہونے کے بعد ظاہر ہوتی ہے اس لیے احناف کے ہاں مغرب کا وقت سرخی غائب ہو جانے تک ہے جبکہ مالکیہ، شافعیہ اور حنابلہ کے نزدیک شفق سرخی ہی ہے اور نماز مغرب کا وقت اس سرخی کے غائب ہونے تک رہتا ہے۔[2]

مغرب کا وقت

[ترمیم]

نماز مغرب کو اول وقت میں پڑ ھنا افضل ہے اور اس کو بلا وجہ مؤخر کرنا سخت مکروہ ہے ۔

عن انس بن مالک قال : کنّا نصلی المغرب مع النبی ثُم نرمی فیری احدنا موضع نبلہ ۔[3]

ترجمہ: حضرت انس بن مالک رَضی اللہُ تعالیٰ عنہُ روایت کرتے ہیں کہ ہم نماز مغرب نبی اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے ساتھ پڑ ھتے پھر تیراندازی کرتے تو ہر ایک تیر گرنے کی جگہ کو دیکھ لیتا تھا۔

یعنی نماز مغرب کے بعد اتنی سفیدی (روشنی) باقی ہوتی کہ دور کی چیز نظر آ جاتی تھی ۔

عن سلمۃ بن اکوع قال : کان النبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم یصلی المغرب ساعۃ تغرب فیہ الشمس اذا غاب حاجبہا۔ [4]

ترجمہ: حضرت سلمہ بن اکوع رَضی اللہُ تعالیٰ عنہُ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نماز مغرب غروب آفتاب کے ساتھ ہی پڑ ھ لیتے تھے یعنی سورج کا ایک کنارہ غروب ہوتا تو آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم جلدی سے نماز مغرب ادا کرتے ۔

عن ابی ایوب قال قال النبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم : لا تزال امتی بخیر او قال علی الفطرۃ مالم یؤخروا المغرب الی ان تشتبک النجوم۔[5]

ترجمہ: آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ میری امت اس وقت تک خیر یا فطرت پر رہے گی جب تک تارے نظر آنے تک مغرب میں تاخیر نہیں کریگی۔

تنبیہ: ان احادیث کا مفہوم یہ نہیں ہے کہ قبل ازمغرب دو رکعت نہ پڑ ہی جائیں بلکہ ان دو رکعتوں کی ادائیگی کے بعد جلد از جلد نماز مغرب کاآغازکر دینا چاہیے

رکعات

[ترمیم]

مغرب کی نماز میں سات رکعات پڑھی جاتی ہیں۔

نماز مغرب میں قرأت

[ترمیم]

نماز مغرب میں سورۃ الفاتحہ کے بعد کوئی بھی سورت تلاوت کی جا سکتی ہے ۔

ثم اقراء ما تیسّر معک من القرآن [6]

ترجمہ: پھر تم (یعنی سورۃ فاتحہ کے بعد) قرآن کا جو حصہ آسانی سے پڑ ھ سکتے ہو پڑ ھو۔

رسول معظم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نماز مغرب میں درج ذیل سورتیں تلاوت کیا کرتے تھے ۔

  1. سورۃ الطور۔[7]
  2. سورۃ الاعراف۔[8]
  3. سورۃ المرسلات۔ یہ سورت رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے اپنی زندگی کی آخری نماز مغرب میں تلاوت کی۔[9]
  4. سورۃ الانفال۔[10]
  5. سورۃ التین۔[11]
  6. کبھی کبھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم طوال مفصل، قصار مفصل اور اوساط مفصل میں سے بھی تلاوت کرتے تھے ۔[12]

سیدنا عمر نے سیدنا ابوموسٰی اشعری رَضی اللہُ تعالیٰ عنہُ کو لکھا کہ آپ نماز مغرب میں قصار مفصل سورتیں تلاوت کریں۔ ([13]

ہمارے ہاں جہری نمازوں میں قرأت کے مسئلہ میں کچھ لوگ سخت موقف اختیار کرتے ہیں، حقیقت میں اس مسئلہ میں اسلام نے وسعت رکھی ہے، ائمہ حضرات نمازیوں کی سہولت کو پیش نظر رکھ کر قراء ت کریں یہی معتدل اور جمہور علما کا مؤقف ہے۔ واللہ اعلم بالصوا ب نماز مغرب کے بعد دورکعت سنتیں رواتبہ (موکدہ) ادا کرنا بھی معمولات محمدیہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم میں شامل ہے ۔

عن ابن عمر قال : صلّیت مع رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم رکعتین قبل الظہر ورکعتین بعدہا ورکعتین بعد الجمعۃ ورکعتین بعد المغرب [14]

سیدنا ابن عمر ارشاد فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے ساتھ دو رکعت ظہر سے پہلے اور دورکعت اس کے بعد ، دو رکعت جمعہ کے بعد اور دورکعت نماز مغرب کے بعد پڑ ہیں ۔

سنت مغرب میں اکثر رسول اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سورۃ الکافرون اور سورۃ اخلاص پڑ ھتے تھے ۔[15]

عن عائشہ ا قالت : کان النبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم یصلی بالناس المغرب ثم یدخل فیصلی رکعتین[16]

ترجمہ: ام المومنین سیدہ عائشہ رَضی اللہُ تعالیٰ عنہا فرماتی ہیں کہ رسول معظم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم لوگوں کو نماز مغرب پڑ ھا کر پھر (میرے )گھر تشریف لاتے اور دور کعتیں پڑ ھتے تھے۔

نماز مغرب کے بعد کے اعمال

[ترمیم]

رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کبھی کبھار نماز مغرب سے لے کر نماز عشاء تک نفل نماز میں مشغول رہتے تھے۔[17] اور کبھی اپنی ازواج مطہرات کے پاس اپنا وقت گزارا کرتے تھے، پھر نماز عشاء پڑ ھ کر جس بیوی کی باری ہوتی اس کے حجرے میں تشریف لے جاتے، یاد رہے کہ نماز مغرب سے لے کر نماز عشاء تک سونا منع ہے ۔

مزید دیکھیے

[ترمیم]
  • نماز (عبادات)
  • فجر (صبح کی نماز)
  • ظہر (دوپہر کی نماز)
  • عصر (سہ پہر کی نماز)
  • مغرب (غروب آفتاب کے بعد کی نماز)
  • عشاء (رات کی نماز)

حوالہ جات

[ترمیم]
  1. صحیح مسلم
  2. الفقہ علی المذاہب الاربعہ
  3. سنن ابی داؤد، 416، ص:165، ج: 1، باب فی وقت المغرب
  4. ملخص از سنن ابی داؤد
  5. ملخصا از سنن ابو داؤد
  6. اخرجہ السبعۃ واللفظ للبخاری بحوالہ : بلوغ المرام ، ص:78
  7. صحیح بخاری، صحیح مسلم
  8. سنن نسائی
  9. صحیح ترمذی، 308
  10. الطبرانی الکبیر بسند صحیح
  11. البراء بن عازب، صحیح ترمذی
  12. ملخص از صفۃ صلاۃ النبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم للشیخ الالبانی، ص:85
  13. صحیح ترمذی، صححہ الالبانی
  14. متفق علیہ
  15. صفۃ صلاۃ النبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم للالبانی، ص:85
  16. صحیح مسلم
  17. الترغیب والترہیب: ج: 1، ص:269