مندرجات کا رخ کریں

باسفورس پل

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
ایشیائی جانب سے پل کا دلکش منظر

باسفورس پل (ترکی زبان: Boğaziçi Köprüsü) استنبول، ترکی میں آبنائے باسفورس پر قائم ایک پل ہے۔ یہ شہر کے یورپی علاقے اورتاکوئے اور ایشیائی حصے بےلربئی کو ملاتا ہے اور باسفورس پر قائم ہونے والا پہلا پل ہے۔ یہ پل 1510 میٹر طویل ہے جبکہ اس کی عرصے کا عرض 39 میٹر ہے۔ اس کے دونوں برجوں کے درمیان فاصلہ 1074 میٹر ہے اور سڑک کی سطح سے بلندی 105 میٹر ہے۔ یہ سطح سمندر سے 64 میٹر بلند ہے اور 1973ء میں تکمیل کے بعد دنیا کا چوتھا سب سے بڑا سسپنشن پل بن گیا تاہم یہ ریاستہائے متحدہ امریکا سے باہر دنیا کا سب سے بڑا سسپنشن پل ہے۔

تاریخ

[ترمیم]

آبنائے باسفورس پر پل کی تعمیر کا فیصلہ پہلی بار 1957ء میں عدنان میندریس کے دور حکومت میں کیا گیا۔ اس کے نقشے کے لیے برطانیہ کے ادارے فری مین فاکس اینڈ پارٹنرز کے ساتھ 1968ء میں معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ پل کا نقشہ معروف برطانوی ماہر تعمیرات سر گلبرٹ رابرٹس نے تیار کیا۔ تعمیر کا آغاز فروری 1970ء میں ہوا جس میں اُس وقت کے صدر جودت سونے اور وزیر اعظم سلیمان ڈیمرل نے بھی شرکت کی۔ تعمیراتی کام ترک ادارے انکا انسات و صناعی نے انجام دیا۔ اس کام میں برطانیہ اور جرمنی کے دو ادارے میں شامل تھے۔ منصوبے پر 35 مہندسین اور 400 افراد نے کام کیا۔ پل کی تعمیر جمہوریہ ترکی کے قیام کی 50 ویں سالگرہ کے صرف ایک روز بعد 30 اکتوبر 1973ء کو مکمل ہوئی۔ اس کا افتتاح صدر فہری کوروترک اور وزیر اعظم نعیم تولو نے کیا۔ باسفورس پل کی تعمیر پر 200 ملین امریکی ڈالر کی لاگت آئی۔

آمدورفت

[ترمیم]
باسفورس پل

روزانہ تقریباً ایک لاکھ 80 ہزار گاڑیاں اس پل سے گذرتی ہیں۔ 29 دسمبر 1997ء کو اس پل سے ایک اربویں گاڑی گذری۔ اس پل کو استعمال کرنے کے لیے محصول دینا پڑتا ہے اور اس عمل کے لیے پل کی ایشیائی جانب ٹول پلازہ واقع ہے۔ محصول صرف یورپ سے ایشیا کی جانب آنے پر ادا کرنا پڑتا ہے جبکہ مخالف سمت میں جانے پر کوئی محصول نہیں۔

دیگر استعمالات

[ترمیم]
  • بین البراعظمی استنول یوریشیا میراتھن کے شرکا بھی اسی پل کے ذریعے آبنائے باسفورس پار کرتے ہیں۔ یہ دوڑ ہر سال اکتوبر میں منعقد ہوتی ہے جس کا آغاز استنبول کے ایشیائی حصے سے ہوتا ہے اور یورپی حصے میں اختتام پزیر ہوتی ہے۔ اس دوران پل کو گاڑیوں کے لیے بند کر دیا جاتا ہے۔
  • علاوہ ازیں پل سے کود کر خودکشی کرنے کا رحجان بھی موجود ہے اور 2001ء میں باسفورس پر واقع دو پلوں سے کود کر 146 افراد نے خودکشی کی کوشش کی جس میں 24 اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ 2002ء میں 190 اقدام خودکشی میں 38 افراد ہلاک ہوئے۔

دلچسپ معلومات

[ترمیم]
باسفورس پل اور بیلربے محل
  • 15 مئی 2005ء کو امریکا کی معروف ٹینس کھلاڑی وینس ولیمز نے باسفورس پل پر مقامی کھلاڑی کے ساتھ نمائشی مقابلہ کھیلا جو تاریخ کا پہلا مقابلہ تھا جو دو براعظموں میں منعقد ہوا۔ اس مقابلے کا اہتمام 2005ء استنبول کپ کے انعقاد سے قبل تشہیر کے لیے کیا گیا تھا اور یہ مقابلہ 5 منٹ تک جاری رہا۔ نمائشی مقابلے کے بعد دونوں کھلاڑیوں نے آبنائے باسفورس میں گیندیں پھینکیں۔
  • 17 جولائی 2005ء کو معروف برطانوی فارمولا ون ڈرائیور ڈیوڈ کولٹ ہارڈ نے اپنی تیز رفتار کار اس پل پر دوڑائی اور اپنی مہارت سے شائقین کو محظوظ کیا۔ انھوں نے اپنی گاڑی دولماباخچی محل کے ایک باغیچے میں کھڑی کی۔

متعلقہ مضامین

[ترمیم]